حالات بہتری کی طرف جائیں گے، شیخ رشید

April 20, 2021

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے حکومت پنجاب کیساتھ مذاکرات کے بعد یرغمال بنائے گئے تمام 11؍ پولیس اور ایک رینجرز اہلکار کو رہا کردیا ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے ساتھ بات چیت کا آغاز ہوگیا ہے، ٹی ایل پی والوں نے 11یرغمالی پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے اور ٹی ایل پی کے لوگ مسجد رحمت اللعالمین جاچکے ہیں، پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے،پنجاب حکومت نے کامیابی سے مذاکرات کیے ہیں ، پہلی میٹنگ کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔

امید ہے کہ دوسری میٹنگ میں بھی حالات بہتری کی طرف جائینگے، ناموس رسالتؐ کیلئے جو کام عمران خان نے کیا وہ کوئی نہ کرسکا، اسلام دشمنوں کو شکست دینگے۔

تفصیلات کے مطابق رات گئے حکومتی وفد اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ حکومتی وفد میں شیخ رشید، نور الحق قادری، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے اور اپنے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک کے قائدین سفیر کی ملک بدری کے مطالبے پر قائم ہیں جبکہ کارکنوں کی فی الفور رہائی کی بھی حکومتی وفد سے ڈیمانڈ کی جا رہی ہے۔

تاہم حکومتی وفد نے کالعدم تحریک لبیک کے قائدین پر واضح کر دیا ہے کہ سفیر کی ملک بدری اور شیخ رشید کے استعفے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں کالعدم تحریک لبیک پاکستان اور حکومتی کمیٹی کے مذاکرات کے دو دور ہوئے جس میں ڈیڈ لاک برقرار رہا۔

ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی نےمغوی اہلکاروں کو رہا کردیا، اسلحہ اور سامان واپس کیا گیا تاہم پیٹرول ٹینکر دینے سے انکار کردیا گیا۔ ٹی ایل پی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے معاہدے پر عمل کرے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی معاہدے کی پاسداری اور سفیر کو نکالنے کے مطالبے پر قائم ہے، رہنماؤں کا کہنا ہے کہ معاہدے پر عمل نہ ہوا تو لائحہ عمل طے کرینگے۔

حکومت سے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو ٹی ایل پی کل مارچ کا اعلان کرسکتی ہے، ممکنہ مارچ کی صورت میں حکومت نے اقدامات شروع کردیئے۔ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر مختلف مقامات کو ایک بار پھر سیل کردیا گیا، ہیوی مشینری اور کنٹینرز فیض آباد کے مقام پر پہنچا دیئے گئے۔

دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان اور حکومتی ٹیم میں مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہو گیا ہے، مذاکرات کے دوسرے دور میں گورنر پنجاب اور وزیر قانون پنجاب نے حکومتی ٹیم کی نمائندگی کی۔

دریں اثناء اسلام آبادمیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اسلام کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں وہ اسلام آباد کیلئے اسلام کو استعمال کرتے ہیں ،عمران خان اسلام دشمنوں کو شکست دیں گے، ناموس رسالت پر جو کچھ عمران خان نے کیا وہ کوئی نہ کرسکا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹانگ کھینچنے والوں کی کمی نہیں لیکن موقع پرست یہ نہیں جانتے کہ عمران خان نے شکست نہیں سیکھی،ملک میں انتشار پھیلانے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا،انسانیت کی خدمت کرنےوالاعظیم ہوتا ہے۔