محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے ہراساں کرنے پر کالج پرنسپلز کا اجلاس

April 22, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کراچی ریجن کےزیرِ اہتمام کراچی کےڈگری کالجز کے پرنسپلز کا اجلاس گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج میں منعقد ہوا جس میں شہر بھر کے 58کالجز کے پرنسپلز اور ان کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ اجلاس سے سپلا کے کریم ناریجو،منور عباس،عبد المنان بروہی، شاہد اقبال، پرنسپل ندیم حیدر،ذکا اللہ ، شاہدہ کلہوڑو، مقصود میمن،سید سرور علی شاہ،امیر لاشاری ، ناصر اقبال،فرخندہ زینب، رابعہ منیر،شکیل ہوت، نازیہ سولنگی، عزیز میمن و دیگر نے خطاب کیا۔ اجلاس میں محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے کراچی کے پرنسپلز کو ہراساں کرنے اور کراچی یونیورسٹی کی نئی پالیسیوں کے سبب کالج سائیڈ پر گریجویشن میں داخلہ نہ دینے اور امتحانات کی عدم انعقاد کے حوالےسے دو الگ الگ کمیٹیز تشکیل دی گئیں۔ جس میں مختلف پرنسپلز سمیت سپلا کے رہنماؤ ں شامل ہیں۔پہلی کمیٹی کے ارکان اینٹی کرپشن کے حکام سے ملاقاتیں کرکے مسائل کو حل کریں گے جبکہ یونیورسٹی کے حوالے سے قائم کمیٹی، جامعہ کراچی کے سینئر پروفیسرز ، سیکریٹری بورڈ ز و جامعات، سیکریٹری کالج ایجوکیشن اور وزیرِ تعلیم سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر کے کراچی کے گریجویشن کے طلبا و طالبات کا مقدمہ پیش کرے گیے۔ سپلا کے رہنماؤں نے اینٹی کرپشن کی جانب سے کراچی کے مختلف پرنسپل صاحبان کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ کالجز کراچی کے بعض افسران کے ایما پر غیر قانونی نوٹسز جاری کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تمام تر ذمہ داری ریجنل ڈائریکٹوریٹ کالجز کراچی پر عائدکی۔ سپلا کے رہنماؤں نے وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن سید خالد حیدر شاہ سے آرڈی کراچی آفس کے افسران کی جانب سے مختلف پرنسپلز سے بدتمیزی کرنے والے اور رشوت ستانی کا بازار گرم کرنے والے افسران سمیت رینجل ڈائریکٹر کالجز کراچی پروفیسر عبدالباری انڈھڑ کو فالفور ہٹا کر اچھی شہرت کے حامل پروفیسرز کو تعینات کرنے کا مطالبہ کیا۔