سٹیٹ لینڈ کی نیلامی کیلئے کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی قائم

April 22, 2021

راولپنڈی(راحت منیر،اپنے رپورٹرسے) سیکرٹری نجکاری بورڈپنجاب نے راولپنڈی ڈویژن میں نجکاری بورڈ کے پاس موجود سٹیٹ لینڈ کی نیلامی کیلئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی جبکہ راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے جائیدادوں کی نیلامی کی مخالفت کردی ہے اور سرکاری جگہوں پر منصوبے مکمل کرنے کیلئے تجاویز دی ہیں۔نجکاری بورڈ کے پاس اٹک اور جہلم میں ایک ایک جبکہ چکوال میں تین جائیددادیں ہیں جو نیلام کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ضلع اٹک میں موجود جائیداد8اعشاریہ33کنال کی ہے جسے اٹک انتظامیہ نے ڈویژنل پبلک سکول کیلئے مختص کررکھا ہےاور اپنی مدد آپ کے تحت سکول کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ضلع جہلم میں 80کنال اراضی143پلاٹس ہیں جسے جہلم انتظامیہ نے تحصیل کمپلیکس،الیکشن کمیشن دفتر اور دیگر استعمال کیلئے مختص کررکھا ہے۔ضلع چکوال میں ایک جائیداد58کنال11مرلہ کی ہے جس پر شہر خاموشاں قبرستان بننا ہے۔دو اعشاریہ54کنال کی ایک اراضی کا کیس عدالت میں زیر التوا ہے۔14مرلہ کمرشل پلاٹ عوام کی پارکنگ کیلئے استعمال کیا جارہا ہےاس لئے تینوں اضلاع کی انتظامیہ نے جائیدادوں کی نیلامی کی مخالفت کردی ہے۔