فیس بُک پر میرے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں: جنت مرزا

April 22, 2021

پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار و اداکارہ جنت مرزا نے فیس بُک پر اُن کے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنے کی اپیل کردی۔

حال ہی میں جنت مرزا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی اسٹوریز شیئر کیں جن میں اُنہوں نے اپنے نام سے منسوب جعلی فیس بُک اکاؤنٹ کے اسکرین شاٹ شیئر کیے۔

جنت مرزا کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اُن کے نام سے بنایا گیا فیس بُک اکاؤنٹ تصدیق شدہ ہے جبکہ اُس اکاؤنٹ کو 48 ہزار سے زائد صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

ٹک ٹاک اسٹار نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کہا کہ ’فیس بُک پر موجود یہ میرا اکاؤنٹ نہیں ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’نقالی ایک جرم ہے، براہِ کرم اس جعلی اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں۔‘

جنت مرزا نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ اس کاؤنٹ کو رپورٹ کردیں گے تو مجھے لازمی آگاہ کریں۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ سال جنت مرزا نے اپنے نام سے منسوب جعلی ٹک ٹاک کو رپورٹ کرنے کی اپیل کی تھی۔

جنت مرزا نے کہا تھا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اُن کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کی ٹاپ ماڈل، ٹک ٹاک اسٹار اور اداکارہ جنت مرزا کے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر 14 ملین فالوورز ہوگئے ہیں جس کے بعد وہ پاکستان کی مقبول ترین شخصیت بن گئیں ہیں۔

ٹک ٹاک فالوورز میں اضافے کے بعد جنت مرزا پاکستان کی وہ پہلی شخصیت بن گئی ہیں جنہیں کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 14 ملین صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد جنت مرزا نے مقبولیت کی دوڑ میں پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔