اڈیالہ جیل میں بے ضابطگیوں کی شکایات پر ایک اورانکوائری

April 23, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سنٹرل جیل اڈیالہ میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں اوربدعنوانیوں کی شکایات پر ایک اورانکوائری شروع کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پرزنرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ساہیوال کے کمانڈنٹ ڈی آئی جی سالک جلال جمعرات کی صبح اچانک اڈیالہ جیل پہنچے جہاں انہوں نے مختلف اسیروں سے ملاقات کرکے شکایات سنیں اورجیل حکام سے بھی معلومات لیں ۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکو خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے اڈیالہ جیل کے بارے میں مختلف رپورٹس موصول ہوئیں جن کے تناظرمیں انکوائری کاحکم دیاگیا ۔ اڈیالہ جیل میں گزشتہ کچھ عرصہ سے سنگین نوعیت کے واقعات سامنے آنے پراس سے قبل بھی انکوائریاں ہوچکی ہیں لیکن تاحال پنجاب حکومت کی جانب سے ان کی روشنی میں کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایاگیا ۔