بھارت میں کورونا مریضوں کے لیے اکشے کمار کا ایک کروڑ امداد کا اعلان

April 26, 2021

بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے بھارت میں عالمی وبا کورونا کے خلاف اقدامات کرنے کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی امداد پیش کر دی۔

اکشے کمار نے سابق کرکٹر اور سیاستدان گوتم گمبھیر کی فاؤنڈیشن کو کورونا کے خلاف اقدامات کرنے کے لیے ایک کروڑ بھارتی روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

گوتم گمبھیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اکشے کمار کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سابق کرکٹر نے اپنے ٹوئٹ میں اکشے کمار کو امید کی کرن قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ضرورت مندوں کی غذا، ادویات، آکسیجن کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ایک کروڑ کا اعلان کرنے پر اکشے آپ کا بہت شکریہ۔

اکشے کے اس اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز اور اموات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بالی ووڈ کی مشہور شخصیات اپنی خدمات پیش کر رہی ہیں۔