کورونا نے احساس دلایا انسانیت سب سے پہلے ہے: عتیقہ اوڈھو

April 26, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دُنیا کو احساس ہوا کہ سب سے پہلے انسانیت ہے۔

عتیقہ اوڈھو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وائرس کی بدترین صورتحال سے دوچار پڑوسی ملک بھارت کے لیے دُعائیہ پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’اپنے تمام اختلافات کو فراموش کریں اور وبائی بیماری کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی سطح پر متحد ہوجائیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اس وائرس نے ہمیں اس بات کا احساس دلایا ہے کہ ہمیں معاشرتی یا سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’کورونا وائرس ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ سب سے پہلے انسانیت ہے۔‘

عتیقہ اوڈھو نے اپنے ٹوئٹ میں پڑوسی ملک بھارت کے لیے خصوصی دُعا بھی کی۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس بھیانک صورت اختیار کرگیا، آکسیجن کے لیے ترستے شہریوں کی نبض ڈوبنے لگی، اموات اور مریضوں کے خوفناک ریکارڈ بننے لگے۔

بھارت کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بستر، آکسیجن، ڈاکٹر، دوا سب کم پڑگئے۔

جان سے جانے والوں کے لیے شمشان گھاٹوں میں لکڑیاں، قبرستانوں میں جگہ ختم ہوگئی، میتوں کو اجتماعی طور پر سپرد خاک کرنے کی نوبت آگئی ہے۔