• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانیت سے بڑا کوئی مذہب نہیں: فیصل قریشی

معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی کورونا وائرس کی بدترین صورتحال سے دوچار بھارتی عوام کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

فیصل قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بھارت میں کورونا وائرس کی بےقابو صورتحال کے بارے میں سُن کر بہت افسوس ہوا۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’بھارت کے اس مشکل وقت میں پاکستانیوں کی جانب سے یہ ہیش ٹیگ چلانا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کھڑا ہے، اس نے میرا دل چُھولیا۔‘

اُنہوں نے بھارتی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہماری تمام دُعاؤں میں شامل ہیں۔‘

فیصل قریشی نے مزید لکھا کہ ’انسانیت ہی سب سے بڑا مذہب ہے۔‘

خیال رہے کہ بھارت کے اس مشکل وقت میں پاکستانیوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ PakistanStandsWithIndia چلایا جارہا ہے جس کے تحت پاکستانی عوام سمیت دیگر نامور شخصیات بھارت سے اظہارِ یکجہتی کرتی نظر آرہی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس بھیانک ہوگیا، آکسیجن کے لیے ترستے شہریوں کی نبض ڈوبنے لگی، اموات اور مریضوں کے خوفناک ریکارڈ بننے لگے۔

چوبیس گھنٹوں میں 3 لاکھ 44 ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آگئے، جبکہ 26 سو کی سانس کی ڈور ٹوٹ گئی۔

بھارت کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بستر، آکسیجن، ڈاکٹر، دوا سب کم پڑگئے۔

جان سے جانے والوں کے لیے شمشان گھاٹوں میں لکڑیاں، قبرستانوں میں جگہ ختم ہوگئی، میتوں کو اجتماعی طور پر سپرد خاک کرنے کی نوبت آگئی ہے۔

تازہ ترین