کرکٹ بورڈ سپر لیگ کراچی میں کرانے کیلئے پرامید، فرنچائزز امارات منتقلی کی خواہاں

May 05, 2021

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ سکس کے بقیہ بیس میچوں کیلئے عرب امارات بطور بیک اپ وینیو موجود ہے ۔ حتمی فیصلہ اس ہفتہ ختم ہونے سے قبل این سی او سی سے میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔ اس وقت تک کراچی میں لیگ کی تیاریاں مکمل ہیں، ٹورنامنٹ منتقلی این سی او سی کی رہنمائی سے کی جائے گی۔ عید کی تعطیلات سے قبل پی این سی او سی سے فیصلہ کن میٹنگ کریں گے ٹورنامنٹ کراچی میں نہ کرانے کا مشورہ دیا گیا تو پی ایس ایل عرب امارات منتقل ہوجائے گا۔ میچز ممکنہ طور پر امارات کے دو شہروں میں ہونگے ۔ پی ایس ایل کے لئے کراچی میں 23مئی سے بایو سیکیور ببل اسی غیر ملکی کمپنی نے تیار کرنا ہے جس نے بارہ ملین ڈالرز کے عوض آئی پی ایل میں ببل بنایا تھا۔ وہ کمپنی بھارت میں مضبوط ببل بنانے میں ناکام رہی۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق قوی امکان ہے کہ ٹورنامنٹ پہلے سے طے شدہ تاریخوں میں ہی ہوگا کیوں کہ پاکستان ٹیم کو20 جون کو انگلینڈ روانہ ہونا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اگر پی سی بی پاکستان سے ٹورنامنٹ امارات شفٹ کرتا ہے تو غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان لانے کے قائل کرنا مشکل ہوگا پھر حکومت کی بھی پالیسی ہے کہ پاکستان کی کرکٹ پاکستان میں ہو۔ پی سی بی نے جس برطانوی کمپنی سے ببل کا معاہدہ کیا ہے وہ امارات میں آئی پی ایل اور ٹی ٹین لیگ کراچکی ہے۔ امارات میں افغانستان اپنی دو ہوم سیریز بھی کراچکا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی یا منسوخ ہونے پر پی سی بی اور فرنچائزوں کو بھاری نقصان ہوگا۔ اس لئے پی سی بی اس آپشن کو حتمی شکل دے کر جون میں ٹورنامنٹ کرانا چاہتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ فرنچائزز نے بھی کوویڈ کی موجودہ صورتحال کے سبب پی ایس ایل یو اے ای منتقل کرنے کا کہہ دیا ہے۔ البتہ پی سی بی کے لئے سب سے بڑا مسئلہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان لانا ہے۔ پی سی بی کو کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل پی ایس ایل گورننگ کونسل کی اجازت کی ضرورت ہوگی۔ پی سی بی بقیہ میچز کیلئے این سی او سی سے رابطے میں ہے۔ ابھی انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔ پی ایس ایل کے بقیہ میچز یکم جون سے شروع ہونا ہیں ۔