پنجاب اسمبلی، پرائیویٹ ممبرز ڈے پر سرکاری بل، اپوزیشن کا ہنگامہ، ایجنڈا پھاڑ دیا، واک آئوٹ

May 05, 2021

لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے پہلے ہی روزپرائیویٹ ممبرزڈے پر سرکاری بل لانے پراپوزیشن کااحتجاج،ہنگامہ آر ائی، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑدیں،واک آؤٹ کر دیا، اپوزیشن ارکان نے کہاکہ پرائیویٹ ممبر زڈے پر سرکاری کارروائی اسمبلی کی خلاف ورزی ہے، اسٹینڈنگ کمیٹیو ں کی منظوری کے بغیر بل کیسے ایوان میں آسکتے ہیں؟فیصلے بندکمروں میں ہو رہے، وزیراعلیٰ ایوان میں کب آئینگے،اجلاس میں پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ترمیمی بل سمیت8 بل منظور کرلیےگئے، وزیرقانون راجہ بشارت نے کہاہے کہ ناموس رسالت پروزیراعظم کا موقف قوم کیلئے قابل فخرہے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پہلے روز ہی دو گھنٹے 55منٹ تاخیر سے شروع ہوا،حکومت نے پرائیویٹ ممبر ڈے پر پانچ بل متعارف کرائے، سینئر صحافی آئی اے رحمان ،ضیاءشاہد اور لیگی رکن وارث کلو کے انتقال پر تعزیتی قراردادیں منظور ہوئیں،متفرق قراردادوں میں آئی اے رحمن اور ضیاء شاہد کو شعبہ صحافت میں گراں قدر خدمات انجام دینے اور وارث کلو مرحوم کو جمہوریت کی سربلندی کےلئے جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔ اسمبلی کے ایجنڈے پر موجود محکمہ جیل خانہ جات کے سوالات وقت کی قلت کے باعث ملتوی کردیے گئے۔