حکومتی نوٹیفکیشن مسترد، چاند رات تک کاروبار کرنے کا اعلان

May 05, 2021

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے 8 تا 16 مئی کاروبار بند کرنے کا حکومتی نوٹیفکیشن مسترد کردیا ہے۔

ایک بیان میں اجمل بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ تاجر برادری چاند رات تک کاروبار جاری رکھے گی۔

انہوں نے ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ سعودی عرب کی طرح ہماری حکومت بھی 24 گھنٹے کاروبار کی اجازت دے۔


صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے مزید کہا کہ ہم 8 تا 16مئی کاروبار بند کرنے کا نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کے غلط فیصلے سے جتنا کورونا وائرس پھیلنا تھا وہ 2 دنوں میں پھیل چکا ہے۔

اجمل بلوچ نے یہ بھی کہا کہ کورونا روکنے کے لئے حکومت زیادہ ٹائم دے تاکہ رش ختم ہوجائے، تاجر برادری چاند رات تک کاروبار جاری رکھے گی۔

انہوں نے استفسار کیا کہ فیصلہ ساز بتائیں یومیہ بنیاد پر رزق کمانے والے 9 دن کہاں سے کھائیں گے؟