ایف آئی اے افسران کے تبادلوں پر غیر یقینی صورتحال

May 09, 2021

کراچی (اسد ابن حسن) وزارت داخلہ کے احکامات برائے ایف آئی اے افسران روٹیشن پالیسی 2021پر اس کے لیٹر اینڈ اسپرٹ کے مطابق عملدرآمد دیکھنے میں نہیں آرہا۔ سابق ڈائریکٹر سندھ زون منیر شیخ کا تبادلہ پنجاب کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز ان کو بطور ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ اینالیسز ڈائریکٹوریٹ میں تعینات کردیا گیا ہے۔ پنجاب سے کے پی کے تبادلہ شدہ افسران بھی مکمل طور پر چارج نہیں چھوڑ رہے۔ اسی حوالے سے ڈائریکٹر سندھ زون Iعامر فاروقی سے سوال کیا گیا کہ آیا سندھ سے تبادلہ شدہ 18افسران اور ملازمین نے چارج چھوڑ دیا ہے اور ان کے پاس جو مقدموں کی تحقیقات اور انکوائریاں تھیں، وہ دوسرے افسران کو منتقل کردی گئی ہیں تو اس کا جواب ’’اثبات‘‘ میں دیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لبنیٰ ٹوانہ کے تبادلے کا معاملہ زیرالتوا ہے کیونکہ مذکورہ تبادلوں سے پہلے ہی اُنہوں نے احتجاجاً اپنے پنجاب تبادلے کی درخواست کر رکھی ہے۔