بابر ابتدائی چار کرکٹ ٹیسٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے

May 11, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے لگاتار چھٹی سیریز جیت لی۔ بابراعظم ابتدائی چاروں ٹیسٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی کپتان بن گئے۔ پاکستان 1952 سےلے کر اب تک صرف چھ مرتبہ لگاتار چھ یا اس سے زائد سیریز جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس سے قبل12-2011 میں تیرہ، 16-2015 میں نو ، 02-2001 میں آٹھاور 94-1993 اور 18-2017 میں لگاتار چھ، چھ سیریز جیتی تھیں ۔ جنوبی افریقاکے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف دونوں میچز میں ایک اننگز کے مارجن سے کامیابیاں حاصل کیں۔ اس فارمیٹ میں پاکستان کی اگلی سیریز ویسٹ انڈیز (2 ٹیسٹ) اور بنگلہ دیش (2ٹیسٹ) کے خلاف شیڈول ہیں۔ دورہ افریقا کے اختتام کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کی 21-2020 کی تمام بین الاقوامی سیریز بھی مکمل ہوگئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے کورونا وائرس کے غیرمعمولی حالات کے باوجود گزشتہ 12 ماہ میں 9 ٹیسٹ، 6 ایک روزہ اور 19 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ اس دوران 2017 کے بعد پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر فی الحال پاکستا ن دوسر ی جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں چوتھی پوزیشن پر ہے۔