ویکسی نیشن سینٹر کی گنجائش 25 سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی ہدایت

May 11, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ویکسینیشن سینٹر کی گنجائش 25ہزار سے بڑھا کر 50ہزار کردی جائے، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ عید تعطیلات پر بھی ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رہیں گے اور برآمد پر مبنی صنعتی یونٹس عید کی چھٹیوں میں بھی کام کرتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے گزارش کی کہ وہ عید سادگی کے ساتھ منائیں اور رشتہ داروں کے پاس جانے سے گریز کریں، انہوں نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ صحت کا شعبہ ایک دن میں ایک لاکھ ٹیکے لگانے کی گنجائش پیدا کرے، پیر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے یہ ہدایت جاری کی۔ وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے فیصلے کے مطابق ایکسپو سنٹر کے ایک شیڈ میں یومیہ 25000 ویکسین لگانے کی گنجائش والا ماس ویکسینیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لوگوں کو صرف اپنے گھروں تک محدود رکھنا کافی نہیں ہے، ہمیں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم شروع کرکے انہیں محفوظ بنانا ہے۔سید مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ ایکسپو سینٹر میں ایک اور شیڈ حاصل کریں اور ویکسینیشن کی گنجائش کو بڑھا کر 50000یومیہ تک کر دیں۔