سپریم رابطہ کونسل، پاک سعودیہ تعلقات کیلئے عملی اقدامات ہونگے، طاہر اشرفی

May 12, 2021

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ سعودی عرب سےپاک سعودی عرب تعلقات کو نئی جہت اور قوت ملی ہے ، سپریم رابطہ کونسل کا قیام ،مختلف شعبوں میں معاہدے ، تعلقات کو دینی ، تجارتی ، اقتصادی اور معاشی طور پر مضبوط کریں گے ،وزیر اعظم کےدورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہونے کی افواہیں دم توڑگئی ہیں، وزیر اعظم پاکستان نے سعودی عرب کی قیادت ،اسلامی تعاون تنظیم ، رابطہ عالم اسلامی اور آئمہ حرمین شریفین سے ملاقاتوں کےدوران اسلامک فوبیا،توہین ناموس رسالت ؐاور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مکمل تائید و حمایت کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کی بھرپور مذمت اور اسلامتی تعاون تنظیم سے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی کہا گیا ہے ،ان خیالات کا ا ظہار چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آبادمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک اور دو قوموں کے تعلقات کی عظیم مثال ہے، سپریم رابطہ کونسل کے تحت مختلف شعبوں میں پاک سعودی عرب تعلقات کے حوالے سے عملی اقدامات ہوں گے۔وزیر اعظم نے سعودی عرب کی قیادت سے مسئلہ کشمیر فلسطین ، اسلامی فوبیا، توہین ناموس رسالت ؐ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیااور عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ 2021 میں عرب اسلامی دنیا کے اہم ترین قائدین پاکستان تشریف لائیں گے طاہر اشرفی نے کہا وزیر اعظم کےدورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہونے کی افواہیں دم توڑگئی ہیں، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ بڑھا دیا گیا، ملک بھر میں پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر 14 مئی کو جمعۃ المبارک کو یوم فلسطین منایا جائے گا۔