وزیراعظم عمران خان کا فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفونک رابطہ

May 13, 2021


وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت مشکل وقت میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان فلسطین کے عوام کے حقوق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، فلسطینی صدر اور وزیراعظم نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی۔

عمران خان نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کے دوران اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی۔

وزیراعظم نے اسرائیلی حملوں میں شہریوں اور بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان عالمی برادری کو متحرک کرے گا، پاکستانی قیادت مشکل وقت میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے وزیراعظم عمران خان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کے ردعمل کو سراہا۔

فلسطینی صدر نے وزیراعظم عمران خان کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے موجودہ صورتحال پر ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے کا فیصلہ بھی کیا۔