• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کے موقع پر پاکستانی قوم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس عید کے موقع پر پاکستانی قوم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، پوری پاکستانی قوم فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پرسراپا حتجاج ہے۔

 فواد چوہدری عید کے دن فلسطینی سفارتخانے پہنچے، جہاں انہوں نے پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر احمد ربائی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فلسطین کو ہر سطح پر حکومت پاکستان کی اعانت حاصل رہے گی۔

فواد چوہدری نے وزیراعظم پاکستان کا فلسطین کے عوام کیلئے یکجہتی کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بذات خود فلسطین کے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر وزیراعظم مسلسل اسلامی ریاستوں کے حکمرانوں سے رابطے میں ہیں، وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کا اعادہ بھی کیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے وزیراعظم کا آج فلسطین کے صدر محمود عباس سے رابطہ کرنے کے ارادہ سے بھی آگاہ کیا۔

فلسطینی سفیر احمد ربائی نے پاکستان کے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اظہاریکجہتی سے ہم اپنے آپ کو مضبوط محسوس کرتے ہیں۔

فلسطینی سفیر نے کہا کہ اب تک 1000 فلسطینی بشمول خواتین و بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں، 1500 فلسطینی اب تک اسرائیلی مظالم کے سبب زخمی اور 1000 گھر تباہ ہوچکے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ فلسطین حکمت عملی کے بانی قائد اعظم ہیں اور ہم اسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔

فلسطین کے سفیر نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو قرآن مجید کا نسخہ بھی ہدیہ کیا، جبکہ  فواد چوہدری نے سفارتخانہ کی یادداشت پر اپنے جذبات و خیالات کو قلمبند کیا۔

تازہ ترین