پاکپتن: طالبات کے سرکاری اسکول کی عمارت مسمار کردی گئی

May 16, 2021

پاکپتن کے چک 29 ایس پی چانوٹ میں بااثر افراد نے عید کی چھٹیوں میں طالبات کے سرکاری مڈل اسکول کی عمارت مبینہ طور پر مسمار کردی اور ملبہ اٹھا کر لے گئے، محکمہ تعلیم اور متعلقہ پولیس واقعے سے بے خبر رہی۔

دیہاتیوں نے بتایا کہ عیدالفطر کے دوسرے روز بعض بااثر افراد نے مشینری کے ذریعے چک چانوٹ میں واقع سرکاری گرلز مڈل اسکول کی عمارت مبینہ طور پر مسمار کردی اور گارڈر، ٹی آر سمیت دیگر ملبہ اٹھا کر لے گئے۔

گاؤں کے لوگوں نے اسکول مسمار کرنے اور ملبہ اٹھائے جانے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کردی، متعلقہ حکام واقعے سے مکمل طور پر بےخبر رہے۔

جیو نیوز نے متعلقہ تھانا ملکہ ہانس کے ایس ایچ او رانا طارق سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی لاعلمی کا اظہار کیا۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ انہیں کسی نے اطلاع ہی نہیں کی، اب نوٹس میں آیا ہے تو واقعے کی تصدیق کے لیے پولیس کی گاڑی روانہ کردی ہے۔