امارات کرکٹ بورڈ سے جواب میں تاخیر نے پی سی بی کو پریشان کر دیا

May 18, 2021

پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کو متحدہ عرب امارات میں کروانے کے معاملے پر امارات کرکٹ بورڈ سے جواب میں تاخیر نے پی سی بی کو پریشان کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ پی ایس ایل کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگنے لگا، پی سی بی کو اگلے 36 گھنٹوں میں جواب نہ ملا تو پی ایس ایل کا انعقاد مشکل ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اتوار اور پیر ای سی بی کی جانب سےجواب کے انتظار میں گزار دیے، پی سی بی کا سات رکنی وفد گزشتہ ہفتے سے یو اے ای میں موجود ہیں، صورتحال واقعی پریشان کن ہے ، انعقاد پر خدشات بڑھنے لگے ہیں۔

‏ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ وقت انتظار کیا جا سکتا ہےلیکن زیادہ کے متحمل نہیں ہوسکتے، آپریشنز کی تمام حکمت عملی طے ہے ،گرین سگنل کا انتظار ہے۔

‏ ذرائع پی سی بی کے مطابق لاہور اور کراچی سے اسکواڈ یو اے ای جائیں گے، قرنطینہ بھی دو جگہ ہوگا، اسکواڈ کو خصوصی طیاروں سے پہنچایا جائے گا ۔ کوویڈ ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن بھی ہوگی۔