شکارپور: کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا پولیس گاڑی پر راکٹوں سے حملہ

May 23, 2021

شکارپور کے کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں جاری پولیس سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں نے بکتر بند گاڑی پر راکٹ سے حملہ کیا جس میں تین پولیس اہلکار شہید اور دو ایس ایچ اوز سمیت چھ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں، آپریشن کے دوران پولیس نے دو مغویوں کو بازیاب کروالیا۔

پولیس کے مطابق شکارپور کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں پولیس نے چھ مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کیا تھا۔

پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے جاری تھا کہ ڈاکوؤں نے بکتر بند گاڑی پر راکٹ بھی داغا۔

پولیس کے مطابق دیگر پھنسے پولیس اہلکاروں کو بچانے کے لیے ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی امیر سعود مگسی پولیس کی بھاری نفری لیکر روانہ ہوگئے ہیں۔

ادھر ڈاکوؤں نے پولیس کی ایک بکتر بند گاڑی پر بھی قبضہ کرلیا اور پولیس اہل کاروں سے اسلحہ چھین لیا اور بلٹ پروف جیکٹس بھی چھین کر پہن لیں۔