بال بال بچ گیا: ہانیہ کی وائرل ویڈیو کے بعد عاصم اظہر کا پیغام

June 06, 2021

پاکستان میوزک انڈسٹری کے نوجوان گلوکار اور اداکارہ ہانیہ عامر کے سابقہ دوست عاصم اظہر کے حالیہ سوشل میڈیا پیغام نے مداحوں کو کشمکش میں مبتلا کردیا۔

گزشتہ روز عاصم اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک مختصر مزاحیہ ویڈیو شیئر کی جو بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کی فلم کے ایک سین پر بنائی گئی ہے۔

ویڈیو میں انوپم کھیر بھاگتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’بال بال بچ گیا۔‘

عاصم اظہر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ’الحمداللّہ‘ لکھا اور ساتھ ہی قہقہوں والا ایموجی بھی بنایا۔

گلوکار کے اس ٹوئٹ نے مداحوں کو کشمکش میں مبتلا کردیا صارفین کا کہنا ہے کہ عاصم اظہر نے ہانیہ عامر کی حالیہ وائرل ویڈیو پر یہ ردِعمل دیا ہے۔

ایک صارف نے گلوکار کے ٹوئٹ پر لکھا کہ ’ہانیہ بھابھی نے دھوکہ دے دیا۔‘

خاتون صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’الحمداللّہ! ویسے آپ بچ تو گئے ہیں۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں ہانیہ عامر نے گلوکار و اداکار عاشر وجاہت کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ہانیہ عامر نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے بھائی کو ایسے سنبھالا جاتا ہے کہ جب وہ 101 بخار میں تپ رہا ہو۔

ویڈیو میں ہانیہ عامر عاشر وجاہت کے ساتھ ہیں اور وہ بیڈ پر کمبل اوڑھے لیٹے ہوئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر کی یہ ویڈیو وائرل ہوگئی ہے، صارفین اس ویڈیو کو معاشی اقدار کے منافی قرار دے رہے ہیں۔