کراچی: پولیس کو دوست کی لاش اسپتال میں چھوڑ کر فرار ملزم کی تلاش

June 06, 2021

کراچی میں پولیس کو دوست کی لاش اسپتال میں چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزم کی تلاش ہے، مفرور ملزم اس سے قبل مختلف مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔

گزشتہ شب عباسی شہید اسپتال میں فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کی لاش چھوڑ کر ایک شخص فرار ہو گیا۔

لاش چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزم نے اپنا نام سلمان اور مقتول کا جہانگیر بتایا تھا۔

پولیس نے تفتیش شروع کی تو پتہ چلا کہ فرار ملزم کا اصل نام آصف عرف بھیا جبکہ مقتول کا نام جہانگیر ہے، دونوں آپس میں دوست تھے۔

جہانگیر گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتا تھا، فرار ملزم آصف 5 مرتبہ پولیس مقابلے، ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے کیس میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

جہانگیر اور آصف دونوں اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ہیں، پہلے آصف جہانگیر کو زخمی حالت میں قطر اسپتال لے گیا پھر وہاں سے عباسی شہید اسپتال لے آیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آصف کی گرفتاری کے بعد پتہ لگے گا کہ واقعہ کیسے پیش آیا اور جہانگیر کو کیسے گولی لگی۔