پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پولیس حراست میں ایک ملزم جاں بحق ہو گیا، پولیس اہلکار جاں بحق ملزم کی لاش اسپتال میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس حراست میں جاں بحق ہونے والے شخص خالد کے ورثاء نے الزام لگایا ہے کہ خالد کو تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے پولیس اہلکاروں نے اپنی حراست میں لیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حراست میں لینے کے بعد ملزم خالد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تشدد کے باعث ہی ملزم کی موت واقع ہوئی ہے۔
متوفی کے ورثاء کے مطابق خالد کی ہلاکت کے بعد پولیس اہلکار چندا قلعہ بائی پاس کے قریب ایک نجی اسپتال میں ملزم کی لاش چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
اسپتال انتظامیہ کی اطلاع پر تھانہ ایمن آباد پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں واقعے کی مزید تحقیقات کی جائیں گی، ذمے دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔