ڈوبتی معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی، بلاول بھٹو

June 08, 2021


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر ڈوبتی معیشت کو بچانا ہے تو عمران خان کی حکومت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بجٹ میں تنخواہ دار اور پنشنرز سمیت عام آدمی کے ریلیف کی کوئی فکر نہیں، ان کا ٹارگٹ صرف جی ڈی پی کے غلط ہندسے کو درست ثابت کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر جی ڈی پی میں اضافہ ہوتا ہے تو ملک میں نوجوانوں کو نوکریاں ملتی ہیں، عمران خان کی فوٹوشاپ جی ڈی پی اضافے نے برسرِ روزگار کو بیروزگار کردیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اس حکومت میں ہر پانچواں فرد یا تو نوکری سے محروم ہوا ہے یا اس کی آمدنی کم ہوئی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے علاوہ کسی دوسری پارٹی نے آج تک عوامی بجٹ نہیں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کپاس کی قیمتیں گیارہ سالہ ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچادیں، ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے بھی ایک نیا بحران پیدا کردیا ہے۔