پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بدترین حکمران کے طور پر یاد رکھا جائے گا کیونکہ انہوں نے احتساب کا نعرہ لگا کر کرپشن کو فروغ دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آجائے تو خزانے کو اربوں روپےکا فائدہ ہوسکتا ہے، عمران خان کے سرمایہ دار دوستوں کی لوٹ مار کا خمیازہ عوام منہگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شروع میں ہی حکومت کو بتادیا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، عمران خان نہیں مانے اور ملکی معیشت تباہ ہوگئی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹیں لہرا کر سب کو کرپٹ کہتے تھے، آج ایمنسٹی انٹرنیشنل کہہ رہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے سب سے زیادہ لوٹ مارکی، عمران خان نے احتساب کو ہتھیار بنا کر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تاریخ کے کوڑے دان میں بھی جگہ نہیں ملے گی، صدر زرداری کوجھوٹےمقدمات میں پھنسانے کیلئے جعلی ثبوت ڈھونڈے جارہے ہیں، جعلی ثبوت ڈھونڈنے کا ٹھیکہ غیرملکی فرم کودینے والوں نےخود اس ادارے کوجرمانہ ادا کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تحقیقات میں پی ٹی آئی وزراء، مشیروں پرکرپشن ثابت ہوئی مگرمحض الزام پرخورشید شاہ قید میں ہیں، عمران خان کا اصل مقصد احتساب کے نام پراپنے اقتدار کیخلاف اٹھنے والی آواز کو دبانا ہے۔