ریکوڈک منصوبے میں کھربوں کی کرپشن، 26 افراد کیخلاف نیب ریفرنس

June 10, 2021

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )ریکوڈک منصوبے میں قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہچانے والے عناصر کاکھوج لگا لیاگیا، نیب نے 30 سال کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد ملزمان کیخلا ف نا قابل تردید ثبوت اکٹھے کر لئے، بلوچستان حکومت کے سابقہ اعلیٰ عہدیداروں سمیت 26 افراد کیخلا ف ریفرنس دائرکر دیا۔

ریفرنس میں بلوچستان حکومت کے سابق عہدیدارشامل ہیں، نیب کے مطابق ملزمان نے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے قومی مفادات کی دھجیاں اُڑا دیں، بد عنوان عناصر کی وجہ سے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔

ڈی جی نیب آپریشن اور ڈی جی نیب بلوچستان کی سربراہی میں کام کرنیوالی نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے مختلف محکموں کے30 سال کے ریکارڈ کی چھان بین کے بعد ملزمان کی خلا ف ثبوت اکھٹے کر لئے۔

ذرائع نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے سابقہ عہدیداروں سمیت 26 افراد کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کر دیا گیا، نیب کے مطابق 1993 میں بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بروکن ہلز پروپرائیٹر ی نامی آسٹریلوی کمپنی کے مابین چاغی ہلز ایکسپلوریشن جوائنٹ ونیچر کا ایک معاہدہ طے پایاجس میں حکومت بلوچستان بالخصوص بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی جانب سے آسٹریلوی کمپنی کو غیر قانونی فائدہ پہنچایا گیا۔

قومی مفادات سے متصادم اس معاہدہ کی شرائط کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نہ صرف غیر قانونی طریقہ سے بلوچستان مائننگ کنسیشن رولز میں ترامیم کی گئیں بلکہ بار بار غیر قانونی طور پر ذیلی معاہدات کر کے ٹیتھیا ن کا پر کمپنی نامی نئی کمپنی کو متعارف کرکے اربوں روپے کے مزید مالی فائدے حاصل کئے گئے۔