سلمان روحانی دنوں کو بھی منافع بنانے کیلئے استعمال کرتے ہیں، صوفیہ حیات

June 11, 2021

ممبئی (این این آئی)سابق بگ باس کنٹیسٹنٹ صوفیہ حیات نے بولی وڈ سپر اسٹار سلمان خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عید جیسے مذہبی اور روحانی دنوں کو بھی اپنے منافع کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ صوفیہ نے اس حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بگ باس فینالے میں سلمان خان کے ساتھ اسٹیج پر نہ آنے کا فیصلہ بھی اسی وجہ سے کیا، کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ ان کی اخلاقیات اور سچائی ان کی انا سے زیادہ مضبوط ہے۔ یاد رہے کہ صوفیہ بگ باس سیون 2013کی کنٹیسٹنٹ تھیں۔ اپنے انسٹا گرام پر صوفیہ نے اپنی متعدد تصاویر شیئر کی ہیں اور سلمان خان پر ایک طویل نوٹ تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلمیں ریلیز کرتے وقت ایک جیسے ٹرکس (مخصوص طریقہ کار) استعمال کرتے ہیں۔صوفیہ کی اس پوسٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خود ساختہ فلمی نقاد کمال رشید خان نے ٹوئٹ کیا کہ صوفیہ آپ ایک بہادر لڑکی ہیں، اور اسی طرح آگے بڑھیں۔ یاد رہے کہ ان دنوں کمال آر خان کا سلمان خان کے ساتھ تنازع چل رہا ہے، جس میں سلمان خان نے ان پر بدعنوانی کا الزام لگانے پر کیس کر رکھا ہے جبکہ کمال آر خان کا کہنا ہے کہ انھوں نے رادھے یور موسٹ وانٹڈ بھائی پر جو منفی ریویو کیا یہ اسکا ردعمل ہے۔