اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کیلئے تیسری آنکھ تیار

June 12, 2021

جنوبی کوریا کے ایک طالب علم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اسمارٹ فون زیادہ استعمال کرنے والے افراد کے لیےماتھے پر لگانے والی مصنوعی آنکھ تیار کرلی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈسٹریل ڈیزائن کے مِن ووک پئینگ نامی طالبِ علم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مصنوعی آنکھ کا یہ شاہکار تیار کیا ہے۔

اس مصنوعی آنکھ کو خصوصی طور پر اُن افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے جو اسمارٹ فون کے استعمال میں اس قدر کھوجاتے ہیں کہ اکثر سڑک پر چلتے ہوئے خطرناک حادثات کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مصنوعی آنکھ کو صاف اور شفاف پلاسٹک سے بنایا گیا جس میں ایک اسپیکر نصب ہے، اس کے ساتھ ہی آنکھ میںالٹرا سونک سینسر بھی لگائے گئے جن کے تحت اس آنکھ کو لگانے والا انسان بنا دیکھے اپنے سامنے آنے والی چیز کو محسوس کرسکتا ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جب کوئی شخص اپنی قدرتی آنکھوں سے اسمارٹ فون میں مصروف ہوگا تو یہ مصنوعی آنکھ اُس کو سامنے آگے والی رکاوٹوں سے آگاہ کرے گی، اس طرح وہ شخص حادثات سے بچ جائے گا۔