فیصل واوڈا کیخلاف نااہلی درخواست، وکیل کو پیش ہونے کا آخری موقع

June 15, 2021


الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت میں اُن کے وکیل کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔

الیکشن کمیشن میں ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف نا اہلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔

سینیٹر فیصل واوڈا کے خلاف درخواست گزار میاں محمد آصف کے وکیل رشید اے رضوی نے درخواست کی کہ فیصل واوڈا نے 3 سال ہائی کورٹ میں ضائع کیے پھر استعفیٰ دے کر سینیٹر بن گئے، الیکشن کمیشن مناسب سمجھے تو ہماری درخواست کو الیکشن ٹربیونل بھیج دے۔

سماعت کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا کے وکیل کراچی میں ہونے کے باعث پیش نہ ہوئے۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے فیصل واوڈا کے وکیل کو پیش ہونے کے لیے آخری موقع دیا اور کہاکہ اس کے بعد الیکشن کمیشن کوئی تاریخ نہیں دے گا۔

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر مزید سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔