جی جی حدید کو والدین کے مختلف قوموں سے تعلق کی وجہ سے کن مشکلات کا سامنا کرناپڑا؟

June 15, 2021

فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل جی جی حدید کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسے ماحول میں پرورش پائی ہے جہاں اُنہیں دو الگ قوموں کا ملاپ دیکھنے کو ملا اور ان کے پاس دو الگ وراثتیں ہیں جنہیں اب ان کی بیٹی کائی بھی آگے لے کر چلے گی۔

جی جی حدید کے والد محمد حدید ایک فلسطینی ہیں، اور والدہ یولانڈا حدید ڈَچ امریکن ہیں۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں سُپر ماڈل نے بتایا کہ وہ اور اُن کے پارٹنر جو کہ ایک پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار ہیں، کس طرح سے مختلف قوموں کا ملاپ ہونے کے نیتجے میں پیش آنے والی مشکلات سے نمٹتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’وہ اور زین ہمسفر ہونے کے ناطے اس بارے میں بہت سوچتے اور بات کرتے ہیں اور یہ اُن کے لیے بہت اہم ہے، وہ یہ تجربہ پہلی بار کر رہے ہیں کیوں کہ اُن کے والدین کو ایسی صورتحال سے نہیں گزرنا پڑا تھا۔‘

جی جی حدید کا کہنا تھا کہ ’وہ پہلی نسل ہیں جو کہ دو الگ قوموں کا ملاپ ہیں، وہ اس صورتحال میں اپنے والدین سے متعلق سوچتے ہیں کہ وہ بھی ایسی صورتحال سے گزر چکے ہیں، کیا اُن کے والدین اس صورتحال سے گزرنے کے لیے اُن کی مدد کرسکتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’انہیں ایسا بھی محسوس کروایا گیا کہ عربی ہونے کے سبب اُن کا رنگ بہت زیادہ سفید ہے، ایسے میں آپ کو یہ جاننے کے لیے بہت وقت لگ جاتا ہے کہ آپ نسلی اعتبار سے کہاں فٹ ہیں۔‘

جی جی نے کہا کہ ’وہ یہ بھی سوچتی تھیں کہ کیا اپنے سفید رنگ ہونے کی وجہ سے وہ عرب سے تعلق ہونے پر بات نہیں کرسکتیں؟‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک دن اس موضوع کے بارے میں بیٹی کائی سے بات چیت کرنا اچھا ہو گا، جوکہ گزشتہ سال خزاں کے موسم میں پیدا ہوئی ہے۔‘