تشدد کرنیوالے والدین اور بچے جیل جائینگے، سینیٹ کمیٹی میں بل منظور

June 17, 2021

اسلام آباد(این این آئی)بچوں پر تشدد کیا تو سزا ہوگی،اگر بزرگ والدین کو گھروں سے نکالا تو بچے جیل جائیں گے،بچوں پر تشدد پر والدین کو بھی جیل جانا ہو گا

جرم ناقابل ضمانت اور ثابت ہونے پرتین سال تک سزا ہو گی، بزرگ شہریوں کو عوامی مقامات پر داخلہ فری،علاج معالجے کی سہولیات،رہائش کیلئے اولڈ ہوم کی تعمیر کی جائے گی، سینٹ انسانی حقوق کمیٹی نے گھریلو تشدد کی ممانعت اور سینئر سٹیزن بلز پاس کرلیا۔سینئر سٹیزن بل 2021کے مطابق بزرگ شہریوں کیلئے اسپتالوں میں الگ کاونٹر بنیں گے

عوامی مقامات میوزیم پارکس میں مفت داخلہ ہوگا،ساٹھ سال سے زائد بزرگوں کیلئے سینئرسٹیزن کارڈ بنیں گے، جن پر ریل اور ہوائی سفر میں بیس فیصد کرایہ معاف ہوگا،بزرگ شہریوں کے تحفظ کی کونسل بنے گی،حکومت فنڈ مختص کرے گی خلاف ورزی کرنے والے اداروں پر پچاس ہزار جرمانہ ہوگا

پرائیویٹ اسپتال کی غفلت سے جان کھو دینے پر متعلقہ اسپتال پر 10لاکھ روپے جرمانہ ہوگا،وفاقی وزیر انسانی حقوق سینئر سٹیزن کونسل کے چیئرپرسن ہونگے

ممبران میں سول سوسائٹی کا نمائندہ،چیف کمشنر اسلام آباد،فنانس ڈویڑن کا ایک نمائندہ،قومی صحت ڈویڑن کا نمائندہ،پاکستان بیت المال کا ایک نمائندہ،وزارت انسانی حقوق کی طرف سے نامزد کردہ سینئر سٹیزن ،ایک قومی اسمبلی کا رکن،ایک سینیٹر،ایک وزارت پاورٹی ایلیویشن کا نمائندہ اور سیکرٹری وزارت انسانی حقوق شامل ہونگے۔