معذرت کیساتھ ہم جاہل قوم ہیں: مریم نفیس

June 17, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مریم نفیس نےپارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک جاہل قوم ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نفیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

مریم نفیس نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ’پارلیمنٹ میں جو کتابیں اُچھال اُچھال کر پھینکی جارہی تھیں اُن پر پاکستان کا نام لکھا تھا۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’معذرت کے ساتھ لیکن ہم ایک جاہل اور بدتمیز قوم ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہم اُس ملک کو برباد کررہے ہیں جو قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں بطورِ تحفہ دیا۔‘

مریم نفیس نے کہا کہ ’یہ لوگ جانوروں سے بھی بدتر ہیں، سر شرم سے جھک گیا ہے۔‘

واضح رہے کہ اس قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ ارکان اسمبلی کے رویہ دیکھ کر میرا سر شرم سے جھک گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ جو طوفان بدتمیزی برپا کیا گیا، اسمبلی میں غلیظ زبان اور الفاظ استعمال کیے گئے۔ یہ سب دیکھ کر میرا سر شرم س جھک گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو ایک دوسرے سے تمیز سے بات نہ کرسکتے ہوں وہ ہماری نمائندگی اور ملکی ترقی کےلیے کیا کام کریں گے؟