امریکا، آسٹریلیا اور کیوی کمپنیوں کو انٹرنیٹ کے بلیک آؤٹ کا سامنا

June 17, 2021

امریکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بڑے بینکوں، ایئرلائنز، پوسٹل سروس کی انٹرنیٹ تک رسائی معطل ہوگئی، یہ پریشانی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی امریکی کمپنی Akamai کی سروس میں مسائل کی وجہ سے ہوئی۔

خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی کی سروس میں مسئلے کے باعث امریکی ایئرلائنز، کئی آسٹریلوی فنانشل فرمز اور دیگر کمپنیوں کو ایک گھنٹے کے بلیک آؤٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

کئی صارفین ان کمپنیوں کی ویب سائٹس اورموبائل ایپس تک رسائی نہ کرپائے۔ امریکا میں امریکن، ڈیلٹا، یونائیٹڈ اور ساؤتھ ویسٹ ایئرلائن، آسٹریلیا میں فنانشل فرموں کے علاوہ پوسٹل سروس، ورجن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کے بینکوں اور ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینچ کے انٹرنیٹ تک رسائی معطل ہوئی۔

امریکی کمپنی Akamai کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ مسئلے سے آگاہ ہیں اور سروسز جلد از جلد بحال کرنے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔