جونیئر کلرک کی بحالی کیخلاف آئی جی سندھ کی اپیل مسترد

June 18, 2021

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر جونیئر کلرک سہیل شوکت کی بحالی کے خلاف آئی جی سندھ پولیس کی اپیل زائد المیعاد ہونے پر مسترد کر دی۔

چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے اس موقع پر استفسار کیا کہ پولیس کی ساری اپیلیں زائد المیعاد کیوں ہوتی ہیں؟

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بھرتیوں کی انکوائری میں سہیل شوکت کو برطرف کیا گیا تھا، سروس ٹریبونل نے سہیل شوکت کو بحال کردیا تھا۔

عدالتِ عظمیٰ نے کہا کہ دستاویزات غلط تھیں تو بھرتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں ، آپ کے جن افسروں نے تقرری کی ان کے خلاف کچھ نہیں ہوا؟

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کارروائی تو بھرتی کرنے والوں کے خلاف بھی ہونی چاہیئے، سابق آئی جی کے خلاف کارروائی کریں، ان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہوتی؟

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ سابق آئی جی کے خلاف نیب ریفرنس دائر ہو چکا ہے۔