پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی کی جانب سے آئی جی سندھ کو تبدیل کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سعید آفریدی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا گیا ہے جس میں انہوں نے آئی جی سندھ کو تبدیل کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سعید آفریدی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، آئی جی سندھ کی اس معاملے میں جانبداری واضح ہے۔
سعید آفریدی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن و امان کی موجودہ صورتحال خراب ہوچکی ہے، پولیس ورکرز اور رہنماؤں کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آپ جانتے ہیں ہم سیاسی ورکر ہیں ان ہتھکڈوں سے ڈرنے والے نہیں، سیاسی بھرتیوں کی وجہ سے پولیس سندھ حکومت کی بی ٹیم بن گئی ہے، کارکن کو گرفتار کرکے دہشت گردوں والا سلوک رکھا جاتا ہے۔
سعید آفریدی کا کہنا ہے کہ آپ ہمارے مطالبے پر نظرثانی کریں، آئی جی سندھ کو ہٹا کر کسی قابل افسر کو آئی جی لگایا جائے۔