ملتان سلطانز کا لاہور قلندرز کو 170رنز کا ہدف

June 18, 2021


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف دے دیا۔

ابوظبی میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز کے صہیب مقصود نے 60 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، انہوں نے 40 گیندوں کا سامنا کیا اور 4 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں رئیلی روسو 29، سہیل تنویر 26، کپتان محمد رضوان 15 اور جانس چارلس 10 رنز کے نمایاں اسکورر رہے۔

میچ کا ٹاس لاہور قلندرز نے جیت کر ملتان سلطان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 169 رنز بنائے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 23 رنز دے کر 3، جیمز فوکنر نے2، حارث روف، راشد خان اور احمد دانیال نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ پچ پر نمی ہے جس کا فائدہ اُٹھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پچھلے میچ میں جو غلطیاں کیں کوشش ہوگی کہ آج اُن کو نہ دہرائیں۔

کپتان لاہور قلندرز نے مزید کہا کہ کوشش ہوگی کہ ملتان سے میچ جیت کر پلے آف کیلئے کوالیفائی کرجائیں۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ لاہور قلندرز کی بولنگ تگڑی ہے، ہمارے بیٹسمین بھی فارم میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا میچ اچھا ہوگا، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

پی ایس ایل کے باقی میچز ابوظبی میں کھیلے جارہے ہیں، ایونٹ میں لاہور قلندرز 10 پوائنٹس کے تیسرے اور ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔

ایونٹ میں لاہور قلندرز کا یہ دسواں جبکہ ملتان سلطانز کا نواں میچ ہے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں شان مسعود، کپتان محمد رضوان، صہیب مقصود، جونسز چارلیز، ریلی روسو، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران خان، عمران طاہر، شاہنواز دھانی شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کی طرف فخر زمان، سہیل اختر، محمد حفیظ، آغا سلمان، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فوکنر، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف میدان میں اتریں گے۔