عامر خراب فارم پر ڈراپ ہوئے، پرفارم کر کے منتخب ہوجائیں، مصباح

June 20, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو کی فاسٹ بولر محمد عامر کے ساتھ دو ملاقاتوں کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ محمد عامرکی کارکردگی ان کے ٹیم سے ڈراپ ہونے کی وجہ تھی۔ عامرنے خود انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ اگر محمد عامرریٹائرمنٹ واپس لیتے ہیں اور ان کی کارکردگی اچھی ہوتو ان کی سلیکشن کے بارے میں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا اور اب بھی کہہ رہا ہوں کہ محمد عامر پرفارمنس اور انجریز کی وجہ سے ڈراپ ہوئے، وہ میری کپتانی اور کوچنگ میں واپس آئے، مجھے نہیں پتہ محمد عامر کا کیوں مسئلہ بنایا گیا، وہ ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہیں اور اچھا پرفارم کرتے ہیں تو کیوں نہیں واپس آ سکتے۔ واضح رہے کہ چند دن پہلے محمد عامر نے کہا تھا کہ وسیم خان نے ان سے دو ملااتیں کی تھیں۔ پی سی بی کا دعوی ہے کہ عامر کو ٹیم میں واپسی کے لیے کسی قسم کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی تھی۔ یہ معمول کی ملاقات تھی۔