امارات نے بھارت سمیت 3 ممالک کے شہریوں پر عائد سفری پابندی اٹھالی

June 20, 2021

کراچی(جنگ نیوز)متحدہ عرب امارات نے جنوبی افریقہ، بھارت اورنائیجیریا کے شہریوں پر عائد سفری پابندی اٹھالی۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں بحرانوں سے نمٹنے والی اعلیٰ کمیٹی کی جانب سے جنوبی افریقہ کے مسافروں کو جنہوں نے امارات میں منظورشدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں گی انہیں دبئی آنے کی اجازت ہوگی تاہم اس کےلیے سفر سے 48 گھنٹے قبل کیے جانے والے پی سی آرٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہو گی۔

اس رپورٹ سے اماراتی شہری مستثنیٰ ہوں گے جنوبی افریقہ سے آنے والے دیگرلوگ دبئی آمد کے بعد بھی کورونا ٹیسٹ کرائیں گے،نائیجیریا سے آنے والے غیر اماراتیوں کےلیے بھی 48 گھنٹے قبل پی سی آرٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

نائیجیریا کی حکومت کی جانب سے منظورو تصدیق شدہ لیبارٹری سے جاری کردہ کیوآر کوڈ والے سسٹم کے ذریعے پیش کی گئی رپورٹ قابل قبول ہوگی تاہم انہیں بھی دبئی آنے کے بعد پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

بھارت سے دبئی آنے والے مسافروں کےلیے لازمی ہوگا کہ انہوں نے امارات میں منظورشدہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لی ہوں اور آنے سے 48 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کیا ہوا۔

علاوہ ازیں امارات آنے کے بعد انہیں ایئرپورٹ پرہی فاسٹ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔بھارت کے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ آنے تک 24 گھنٹے قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے، اس سے اماراتی شہری اور سفارتکار مستثنیٰ ہونگے۔