2 افراد کی لاشیں ملیں، ٹریفک حادثات میں 5 جاں بحق، اورنگی میں بس الٹنے سے 10 مسافر زخمی

June 21, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں 5 افراد جاں بحق اورمیاں ،بیوی اوربچوں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے ، 2 افراد کی لاشیں ملیں،منگھوپیر میں کمسن بچی نہر میں ڈوب گئی ، تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹائون ناردرن بائی پاس پل پر دو تیز رفتار موٹرسائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکلوں پر سوار 30 سالہ عبد المنان اور 21 سالہ عبد الحمید شدید زخمی ہوگئے جنھیں سول اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دونوں چل بسے ، متو فین بلدیہ ٹائون کے رہائشی تھے، شاہ فیصل کالونی 3 نمبر کے قریب کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 30 سالہ شاہ رخ جاں بحق ہوگیا ،ناردرن بائی پاس کے قریب پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25سالہ اریب جاں بحق ، 54سالہ طارق ریاض زخمی ہوگیا ، اورنگی ٹاون رئیس امروہوی کالونی میں تیز رفتاری کے باعث مسافربس الٹ گئی ، پولیس اورریسکیو عملے نے دس زخمیوں کو عباسی شہیداسپتال منتقل کیا ، مواچھ گوٹھ میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 30سالہ اعظم ستار، 18سالہ شان اوراسکا بھائی 20 سالہ احسن سلیم زخمی ہوگئے،شارع فیصل پی ایف بیس کے قریب ٹائر اڈ ٹوٹنے کے باعث تیز رفتار کارالٹنے سے کار میں سوار میاں ،بیوی اور دو بچے زخمی ہوگئے،سرجانی ٹاؤن کے علاقے خمیسہ گوٹھ کے قریب واقع ندی کے پل پر ٹریفک حادثے میں 34سالہ مطیع اللہ جاں بحق ہو گیا ،علاوہ ازیں منگھوپیر کے علاقے میں نہر میں 6سالہ صوبیہ گرگئی ، ریسکیو ادارے کے غوطہ خوروں نے نہر سے بچی کی لاش نکال لی ،میٹھادر تھانے کی حدود میں واقع ہوٹل کے کمرہ نمبر112سے 45سالہ محمد شاہد کی لاش ملی جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا،متوفی کے بہنوئی محمد فرقان نے بتایا کہ شاہد میمن کا آبائی تعلق حیدرآباد سے بے روزگار اور نشے کا عادی تھا تھا،لیاقت آباد سی ایریا میں پولیس نے گھر کا دروازہ توڑ کر معمر شخص کی لاش نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا،پولیس کے مطابق متوفی ملنگ تھا، عمر 80سے85سالہ کے درمیا ن، فوری شناخت نہیں ہوسکی ،اہل محلہ کا کہنا تھا کہ متوفی گھر میں اکیلا رہتا تھا ، لاش سرد خانے منتقل کر دی۔