تلاش کمیٹی کی تشکیل نو، متنازع وی سیز کی تحقیقات کی جائے، فپواسا

June 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف آل پاکستان اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فپواسا) نے تلاش کمیٹی پر اٹھائے جانے والے اعتراضات کی بنیاد پر حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ تلاش کمیٹی کو نہ صرف تشکیل نو کی جائے بلکہ جن وائس چانسلرز کی تقرریوں پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں یا جو تقریریاں متنازع ہیں ان کی تحقیقات کی جائے۔ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کو ختم کر کے دو سالہ ڈگری پروگرام کو بحال کیا جائے۔ اس بات کا مطالبہ فپواسا سندھ شاخ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت لیاقت علی تنیو نے کی اجلاس میں فپواسا پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر نیک محمد شیخ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ حکومت کی اعلیٰ تعلیم کی طرف عدم توجہی اور اعلی تعلیم کی تنزلی پر اظہار تشویش کیا گیا۔اجلاس میں حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا کہ نئی بھرتیوں پر لگائی پابندی کو ختم کیا جائے کیوں کہ جامعات خود مختار ادارے ہیں۔ اس دوران فپواسا سندھ چیپٹر کا وفد سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے ملاقات کرے گا اور وزیراعلیٰ سندھ کو خط بھی لکھا جائے گا۔ اجلاس میں جامعہ قائد عوام نوابشاہ کے وائس چانسلر سمیت تمام ایسے وائس چانسلرز کی مذمت کی گئی جو اساتذہ کو ہراساں کرنے اور ان کیخلاف کارروائیاں کرنے میں ملوث ہیں۔