کوئٹہ: اپوزیشن اراکین آج بھی تھانے میں موجود، شٹر ڈاؤن ہڑتال

June 25, 2021


بلوچستان کی اپوزیشن جماعتوں کے 14 اراکینِ اسمبلی پانچویں روز بھی بجلی روڈ تھانہ کوئٹہ میں گرفتاری دینے کے لیے موجود ہیں۔

متحدہ اپوزیشن نے حکومتی رویّے کے خلاف آج کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور سہ پہر 4 بجے منان چوک پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں جے یو آئی اور بی این پی مینگل کے 14 اراکینِ اسمبلی جن پر پولیس ایف آئی آر کا اندراج ہوا ہے وہ تھانے میں موجود ہیں۔

ان کا مطالبہ ہے کہ اگر وہ ملزم ہیں تو انہیں گرفتار کیا جائے نہیں تو اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لی جائے، اپوزیشن اراکین کے انتخابی حلقوں میں مداخلت بند کی جائے۔

اپوزیشن اراکین کا مطالبہ ہے کہ بجٹ میں اپوزیشن اراکین کے حلقوں کے اسکیموں سے متعلق مشاورت کی جائے اور گزشتہ 3 سال کے دوران غیر منتخب اراکین کو دیئے گئے فنڈز کی تحقیقات کی جائے۔

اسی معاملے پر متحدہ اپوزیشن جماعتوں نے آج کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

اپوزیشن کا کہنا ہے کہ شٹر ڈاؤن ہڑتال اپوزیشن کے ارکان کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف کی جائے گی، اس کے علاوہ آج سہ پہر 4 بجے منان چوک پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

تاجر رہنماء یاسین مینگل کا کہنا ہے کہ انجمن تاجران نے متحدہ اپوزیشن کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کی ہے۔

ایک ہفتہ قبل بلوچستان اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی پر 17 اپوزیشن اراکین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

چار روز قبل اپوزیشن اراکین گرفتاری دینے تھانہ بجلی روڈ پہنچے تھے تاہم پولیس کی جانب سے انہیں گرفتار نہیں کیا گیا اور وہ آج پانچویں روز بھی تھانے میں موجود ہیں۔