بھارتی کورونا سے عالمی ادارہ صحت کو تشویش لاحق

July 25, 2021

اسٹاک ہوم (اے ایف پی) عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یورپ میں بھارتی کورونا ڈیلٹا کی روک تھام کیلئےفری ٹیسٹنگ میں اضافے کی ضرورت ہے کیوں کہ ڈیلٹا کی تشخیص دنیا کے 28 ممالک میں ہوئی، ان میں سے 19 ممالک میں یہ تیزی سے پھیل چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، عالمی ادارہ صحت اور یورپ کے ادارہ تحفظ اور کنٹرول امراض (ای سی ڈی سی) نے خبردار کیا ہے کہ یورپ میں کوروناوائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلنے کی وجہ سے ٹیسٹنگ سمیت دیگر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے سفارش کی ہے کہ فری ٹیسٹنگ میں اضافے کی فوری ضرورت ہے، جب کہ متاثرہ افراد کو قرنطینہ کرنے کے اقدامات کیے جائیں، جب کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگوائی جائے۔ عالمی ادارہ صحت اور ای سی ڈی سی کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعدادوشمار کے مطابق 28 جون سے 11 جولائی کے درمیان ڈیلٹا ویریئنٹ ان 28 میں سے 19 ممالک میں غلبہ حاصل کرچکا ہے، جہاں اس کی تشخیص ہوئی ہے۔