ایک ماہ میں 150منشیات فرو ش گرفتار چرس ، ہیروئن اور شراب برآمد کر لی گئی

July 26, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)اسلام آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور مہم کے دوران گزشتہ 30دن میں 150 منشیات فرو شوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمدکرلی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آئیں سب مل کر اپنے شہر سے اس ناسو ر کا خاتمہ کریں۔ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس قاضی جمیل الرحمان نے وفاقی دارلحکومت سے منشیات جیسی لعنت کے خاتمہ کے لئے بڑے پیمانے پر مہم کے احکامات دیے تھے، ان احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر کی زیرنگرانی بڑے پیمانے پر یہ مہم جاری ہے۔ ایڈیشنل ایس پی اسلام آباد فرحت عباس کاظمی کی سربراہی میں گزشتہ ایک ما ہ کے دوران بھرپور کارروائیاں کی گئیں اور150منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے ہیں جن سے98615گر ام چرس،13445گرام ہیروئن، 110گر ام آ ئس اور4323بو تلیں شراب برآمد کی گئی ہے۔ایس ایس پی آپریشنزنے بتایا کہ یہ مہم اس ناسور کے خاتمہ تک جاری رہے گی، والدین بھی اپنے بچوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ وہ اس لعنت سے محفوظ رہیں، اسلام آباد پولیس نے تہیہ کیا ہے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے اس کی ڈیمانڈ سپلائی دونوں کو ختم کیا جائے گا، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ آئیں اپنی پولیس کا ساتھ دیں اور ہم سب مل کر اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کر کے نوجوان نسل کے مستبقل کو محفوظ بنائیں۔