ویکسین نہ لگوانے والوں کی بڑی تعداد چوتھی لہر سے متاثر ہو رہی ہے، ڈاکٹر سعید خان

July 27, 2021

سندھ کورونا ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر سعید خان کا کراچی شہر میں جاری کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے متعلق کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والوں کی بڑی تعداد کورونا وائرس کی لہر سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔

ڈاکٹر سعید خان نے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہکراچی کے اسپتالوں میں موجود کورونا مریضوں میں 85 فیصد نے ویکسین ہی نہیں لگوائی، زیادہ تر لوگوں میں کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈاکٹر سعید خان نے کہا ہے کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ فوری طور پر ویکسین لگوائیں، ویکسین کے ذریعے ہم ہر قسم کے ویرینٹ سے بچ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صورتحال بہتر نہ ہوئی تو اسپتالوں میں جگہ ختم اور سسٹم بیٹھ جائے گا۔

ڈاکٹر سعید خان کا کہنا تھا کہ ایس او پیز پر مکمل عمل نا ہوا تو دو ہفتے انتہائی خطرناک ہوسکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شوگر، بلڈپریشر اور دیگر امراض میں مبتلا افراد زیادہ رسک پر ہیں۔