پی ایس بی اجلاس ایجنڈے میں ڈاکٹرز نظر انداز کرنے پر پی ڈی اے کا احتجاج کا اعلان

July 29, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) 30 اور 31 جولائی کو ہونے والے پراونشل سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں تمام کیڈرز ڈاکٹروں کی ترقی کا معاملہ ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا ہے جس سے چار سالوں سے ترقی سے محروم ڈاکٹرز شدید مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے ورکنگ پیپر اور دیگر لوازمات پوری نہ کرنے کی وجہ سے ڈاکٹروں کا معاملہ محکمہ صحت اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان شثل کاک بن گیا ہے۔ پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹروں کو نظر انداز کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس فوری طور پر طلب کرلیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر عالمگیر خان کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اور محکمہ اسٹبلشمنٹ کی جانب سے جنرل، مینجمنٹ، سپشلسٹ کیڈرز اور ڈینٹل سرجنز کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں گزشتہ 4 سالوں سے جان بوجھ کر ڈاکٹرز کی ترقی کا کیس ملتوی کیا جا رہا ہے ہنگامی ایگزیکٹو کونسل اجلاس میں احتجاج سمیت دیگر تمام آپشنز بارے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ڈاکٹرز کے علاوہ دیگر تمام محکموں کی پروموشنز بورڈ کا اجلاس طلب کرنا اور جان بوجھ کر ڈاکٹرز کو پراونشل سلیکشن بورڈ کے اجلاس سے نکالنا نا انصافی ہے جس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔