خطے میں امن، بھارت سب سے بڑی رکاوٹ، شاہ محمود قریشی

August 02, 2021

ملتان(نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ ہارنے کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانا پی پی ‘ ن لیگ کا وتیرہ ،بھارت خطے کا امن پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے، حکومت نے 5 اگست کو بھر پور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، خطے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے۔ بھارت خطے کا امن پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے۔ وہ خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ دنیا میں امن قائم کرنے کیلئے کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر و فلسطین بلکہ مسلم امہ کے سفیر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ پاکستان ان کی قیادت میں پوری دنیا میں کشمیر ‘ فلسطین اور مسلم امہ کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔ آزاد کشمیر کی عوام نے تحریک انصاف کو کشمیری عوام کا بھر پور موقف اجاگرکرنے پر بھاری مینڈیٹ سے نوازا جس پر آزاد کشمیر کے عوام کے شکر گزار ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابات میں پی پی، ن لیگ کو مسترد کیا۔