اگلے اولمپکس میں میڈلز جیتنے کا عزم، اسپورٹس بورڈ نے تیاری کرلی

August 03, 2021

کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اگلے اولمپکس کی تیاری کے لئے اولمپکس2024 وژن کے حوالے سے حکمت عملی بنالی جس کے تحت رواں سال ستمبر تک اسپورٹس فیڈریشنزسے پیرس اولمپکس کے بارے میں تجاویز مانگی جائیں گی۔ اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی کرنل (ر) آصف زمان نے جنگ سے گفتگو میں کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں ناقص پلاننگ کی وجہ سے ہم ویٹ لفٹنگ میں میڈلز سے محروم رہے، جس میں پی ایس بی سے زیادہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے حکام ذمے دار ہیں،اب بلیم گیم کے بجائے آگےبڑھنا ہوگا ۔ ضرورت ہے اگلے اولمپکس کے لئے پی او اے کے ساتھ مل کر ایسی منصوبہ بندی کریں کہ عالمی اور ایشیائی مقابلوں میں میڈلز جیت سکیں۔فیڈریشنزکے مسائل کا جائزہ لیں گے جہاں حکومت اور پی ایس بی کی مدد درکار ہوگی ، وہ دی جائے گی، فیڈریشنوں کو بھی خود کو مالی طور پر مضبوط ہونے کے لئے ہاتھ پیر مارنا ہوں گے۔کوالیفائی کرنے والے کھلاڑیوں کو مکمل تربیتی سہولت فراہم کی جائے گی، اسپانسرز سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔