پنجاب میں تعلیمی ادارے کھل گئے، پانچویں تک یکساں نصاب پر عمل شروع

August 03, 2021

لاہور،پشاور(جنگ نیوز، خبرایجنسی)پنجاب میں تعلیمی ادارے کھل گئے،پانچویں تک یکساں نصاب پر عمل شروع،کورونا ایس او پز پر سختی سے عمل ہوگا،خلاف ورزی پر کارروائی کی جائیگی، خیبر پختونخوا میں بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال کردی گئیں۔تفصیلات کےمطابق موسم گرما کی تعطیلات کے بعد پنجاب کے نجی و سرکاری تعلیمی ادارے پیر سے کھل گئے،پنجاب بھر میں سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ کھل گئیں ،تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،تعلیمی اداروں کے حکام کو اساتذہ اور دیگر عملے کی ویکسی نیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے،دوسری جانب پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز بھی آج سے ہو رہا ہے، سرکاری و نجی اسکولوں میں پرائمری تک یکساں نصاب تعلیم رائج کر دیا گیا ہے۔ادھر خیبر پختونخوا میں بھی پیر سے تمام تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال کردی گئیں۔