یوم شہداء، SSU ہیڈکوارٹرز میں تقریب، شہدائے پولیس کو خراج عقیدت

August 04, 2021

یوم شہداء کے موقع پر کراچی میں ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں پولیس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کے اعلیٰ افسران اور پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔

ایس ایس یو کمانڈوز کے دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔

کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی، ایس پی ایس ایس یو ارم اعوان، ایس پی ایس ایس یو اظہر مغل اور ایس پی چوکنڈی ڈاکٹر نجیب نے فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد میمن کے کورونا وائرس کی بنا پر قرنطینہ ہونے کے باعث کمانڈنٹ ایس ایس یو نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے۔

کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔

اس موقع پر کمانڈنٹ نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہ دن اہمیت کا حامل ہے، یہ دن شہداء کے خاندانوں کو یہ احساس دلاتا ہے کہ محکمہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کا امن و امان بہت بہتر ہوا ہے اور صوبے میں امن پروان چڑھ رہا ہے۔

اس حقیقت کومد نظر رکھتے ہوئے ہمیں شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہیے کیونکہ انہوں نے شہر کا امن بحال کرنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

شہداء کے اہلخانہ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہ صرف یوم شہداء کے موقع پر یاد رکھا جاتا ہے بلکہ جب بھی ہمیں ضرورت پیش آتی ہے تو ہماری مدد کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ملک کو ضرورت پڑی ان کی نسلیں اپنے مادر وطن کی خاطر قربانیاں دیتی رہیں گی۔