کورونا سے سڑکیں سنسان،حادثات میں کمی، انشورنس کمپنیوں کا منافع بڑھ گیا

August 05, 2021

الندن(پی اے )کورونا کی وجہ سے بہت کم گاڑیاں سڑکوں پر آرہی ہیں اور زیادہ تر سڑکیں سنسان ہیں جس کی وجہ سےحادثات میں کمی ہوئی اورانشورنس کمپنیوں کا براہ راست منافع بڑھ گیا ہے۔برطانیہ میں گاڑیوں کی انشورنس کرنے والے ادارےنے جو ڈائریکٹ لائن اور چرچل برانڈز کا بھی مالک ہے، 30 جون کو ختم ہونے والی ششماہی کے دوران قبل از ٹیکس منافع میں 10.5فیصد اضافے کا اعتراف کیاہے،ادارے کاکہناہے کہ پہلی سہ ماہی کے دوران لاک ڈائون فاصلاتی کام کی وجہ سے لوگ سڑکوںپر نہیں آئے اس کے ساتھ ہی نئی کاروں کی فروخت بھی کم ہوئی اور نئے ڈرائیور بھی مارکیٹ میں نہیں آئے ،جبکہ موٹر کاروں کی انشورنس کے پریمیم میں بھی تیزی سے کمی ہوئی ہے،ڈائریکٹ لائن نے بہت زیادہ کمی کرنے سے گریز کیا جس کی وجہ سے اس کے کچھ کلائنٹ مخالفین کے پاس چلے گئے جس سے مجموعی طورپر موٹر کے انشورنس کے پریمیم میں6.2 فی صد کمی ہوئی لیکن دوسری سہہ ماہی میں پابندیوں میں کمی کے بعد یہ صورت حال تبدیل ہونا شروع ہوئی جس سے پریمیم کی آمدنی میں پہلی سہ ماہی کے دوران ہونے والی کمی کا فرق دور ہونا شروع ہوگیا اور یہ فرق 10.6 فیصد سے کم ہوکر 1.5 فیصد رہ گیا،ادارے نے بہتر کارکردگی کی تعریف کی اور بتایا ہے کہ اس کی وجہ سے آمدنی میں 40 فیصد تک اضافہ ہوگیاتاہم اس میں بہتر موسم کا بھی کافی عمل دخل تھا ادارے کا کہناہے کہ اس نے اس دوران اپنی ٹیکنیکل تبدیلیاں مکمل کرلیں اوراب ہم اس کا فائدہ اٹھارہے ہیں۔ ڈائریکٹ لائن کے سربراہ جیمز نے 7.6p فی شیئر عبوری منافع دینے کااعلان بھی کیاہے جبکہ گزشتہ سال کی پہلی ششماہی کے دوران ،منافع میں 2.7 فیصد اضافہ کیاگیاتھا ۔